واقعۂ کربلا اور سیرتِ نبوی ﷺ: صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس

واقعہ کربلا اور سیرت نبوی ﷺ کے درمیان کیا تعلق ہے؟ جانیے کیسے امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدانِ کربلا میں صبر، استقامت اور حق گوئی کی عظیم تاریخ رقم کی
واقعۂ کربلا اور سیرتِ نبوی ﷺ: صبر، استقامت اور حق گوئی کا درس۔ واقعہ کربلا اور سیرت نبوی ﷺ کے درمیان کیا تعلق ہے؟ جانیے کیسے امام حسین رضی اللہ عنہ نے میدانِ کربلا میں صبر، استقامت اور حق گوئی کی عظیم تاریخ رقم کی۔
✍️ قلمکار
محمد طارق القادری بنارسی
📝 موضوع
واقعۂ کربلا اور سیرتِ نبوی ﷺ
🏢 ادارہ
تخصص فی التدریس جامعۃ المدینہ شاہ جہان پور

واقعۂ کربلا اور سیرتِ نبوی ﷺ

اللہ رب العزت نے اپنے محبوبِ کریم، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کو قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے بہترین نمونہ اور مشعلِ راہ قرار دیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللّٰهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ
ترجمہ کنزالعرفان: ’’بے شک تمہارے لیے اللہ کے رسول میں بہترین نمونہ موجود ہے۔‘‘
(سورۂ احزاب: 21)

امت کے لیے رسول اللہ ﷺ کا عملی نمونہ

جب ہم سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ کرتے ہیں تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح واضح ہو جاتی ہے کہ حضور نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو جن امور کا حکم ارشاد فرمایا، پہلے خود ان پر عمل کر کے دکھایا۔ پھر صحابۂ کرام اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم الرضوان نے انہی تعلیمات پر عمل کر کے امت کے لیے عملی نمونہ پیش کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگیاں سنتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی تفسیر اور روشن آئینہ نظر آتی ہیں۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو انہی اعمال کی تعلیم دی جن میں دنیا و آخرت کی کامیابی، آسانی اور بھلائی موجود تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ کا ہر گوشہ انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ چنانچہ صحابۂ کرام، اہلِ بیتِ اطہار اور تابعینِ عظام نے انہی تعلیمات کو اپنی زندگی کا شعار بنایا اور ہر حال میں سنتِ نبوی پر عمل پیرا رہے۔ انہی عظیم اور درخشاں نمونوں میں واقعۂ کربلا ایک ایسا عظیم باب ہے جو رہتی دنیا تک حق، صبر، استقامت اور وفاداری کا درس دیتا رہے گا۔

کربلا کا لغوی و تاریخی مفہوم

لفظ ’’کربلا‘‘ بذاتِ خود اپنے معنی و مفہوم پر دلالت کرتا ہے۔ مشہور قول کے مطابق یہ ’’کَرْب‘‘ اور ’’بَلاء‘‘ دو الفاظ سے مرکب ہے۔ ’’کَرْب‘‘ کے معنی غم، رنج اور پریشانی ہیں، جبکہ ’’بَلاء‘‘ کے معنی آزمائش، امتحان اور مصیبت ہیں۔ اس اعتبار سے ’’کربلا‘‘ کا معنی ’’غم و مصیبت کی سرزمین‘‘ یا ’’امتحان و آزمائش کی جگہ‘‘ بنتا ہے۔

تاریخی روایات میں مذکور ہے کہ جب حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اپنے اہلِ خانہ اور رفقاء کے ساتھ اس مقام پر پہنچے تو آپ نے اس جگہ کا نام دریافت فرمایا۔ جب عرض کیا گیا کہ اس مقام کا نام ’’کربلا‘‘ ہے تو آپ نے فرمایا: ’’یہ کَرْب و بَلا کی زمین ہے۔‘‘ گویا یہ وہ مقام تھا جہاں صبر و استقامت کی تاریخ رقم ہونی تھی اور حق و باطل کے درمیان فیصلہ کن معرکہ برپا ہونا تھا۔

اہلِ بیتِ اطہار اور سنتِ نبوی

واقعۂ کربلا اپنے اندر بے شمار نصیحتیں، حکمتیں اور عظیم پیغامات سموئے ہوئے ہے۔ ان میں سب سے نمایاں پیغام سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے وابستگی اور سنتِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر استقامت ہے۔ اہلِ بیتِ اطہار نے اپنے عمل سے امت کو یہ درس دیا کہ حالات خواہ کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، حق کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے اور سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنا چاہیے۔

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور آپ کے جاں نثار ساتھیوں نے میدانِ کربلا میں صبر، رضا، توکل، وفاداری اور دین کے لیے قربانی کی ایسی مثال قائم کی جس کی نظیر تاریخِ عالم میں مشکل سے ملتی ہے۔ انہوں نے اپنے خون سے اسلام کی آبیاری کی اور یہ ثابت کر دیا کہ ایک مسلمان کے لیے دینِ حق کی حفاظت ہر چیز سے مقدم ہے۔

صبر و استقامت: سیرتِ نبوی ﷺ اور کربلا

نبی کریم ﷺ کی سیرت میں صبر:
صبر و استقامت ایک ایسا عظیم وصف ہے جو اللہ تعالیٰ نے انبیائے کرام علیہم السلام کو عطا فرمایا۔ بالخصوص حضور نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس وصفِ حمیدہ کے اعلیٰ ترین پیکر تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کے مختلف گوشوں کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ جب آپ نے اعلانِ نبوت فرمایا تو کفارِ مکہ نے طرح طرح کی اذیتیں اور تکلیفیں پہنچائیں، مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر موقع پر صبر و تحمل اور استقامت کا مظاہرہ فرمایا۔

مکی دور میں کفار کی مخالفت، طائف کی سنگ باری اور شعبِ ابی طالب کی سخت آزمائشیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صبر و استقلال کی روشن مثالیں ہیں۔ شعبِ ابی طالب میں کئی سال تک مسلمانوں کا معاشرتی و معاشی بائیکاٹ کیا گیا، کھانے پینے کی اشیاء تک رسائی محدود کر دی گئی، لیکن ان تمام مصائب و آلام کے باوجود حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا اور دینِ حق کی تبلیغ میں مصروف رہے۔

امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عملی مثال:
حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی اسی سیرتِ نبوی کو اپنا شعار بنایا۔ میدانِ کربلا میں جب آپ کے اہلِ خانہ اور رفقا یکے بعد دیگرے جامِ شہادت نوش کرتے رہے تو آپ نے بے مثال صبر و استقامت کا مظاہرہ فرمایا۔ آپ کی آنکھوں کے سامنے آپ کے فرزندِ ارجمند حضرت علی اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید ہوئے، آپ کے شیر خوار صاحبزادے حضرت علی اصغر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بھی شہید کر دیا گیا، اور اہلِ بیت کی خواتین کو شدید مصائب و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر ان تمام دل خراش واقعات کے باوجود حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ ثابت قدم رہے اور رضائے الٰہی پر راضی رہے۔

حقیقت تو یہ ہے کہ اگر ان حالات کا سامنا کوئی عام انسان کرتا تو اس کے لیے صبر و تحمل کا دامن تھامے رکھنا انتہائی دشوار ہوتا، لیکن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے ایسے سچے پیروکار تھے کہ شدید ترین آزمائشوں اور مصیبتوں میں بھی حق پر قائم رہے اور صبر و استقامت کی وہ لازوال مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک اہلِ ایمان کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

حق گوئی اور جرأت

حضور ﷺ کی حق گوئی:
حق گوئی اور جرأت حضور نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی نمایاں صفاتِ مبارکہ میں سے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پوری حیاتِ طیبہ میں ہمیشہ حق کا ساتھ دیا اور ہر قسم کے خوف، دباؤ اور مخالفت کے باوجود حق بات کو بلا جھجک بیان فرمایا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعوتِ اسلام کا آغاز فرمایا تو ابتدائے اسلام میں ایمان لانے والوں کی تعداد بہت کم تھی، جبکہ مکہ مکرمہ کی اکثریت کفر و شرک میں مبتلا تھی۔ اس کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی باطل کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا اور نہ ہی معبودانِ باطلہ کو تسلیم فرمایا، بلکہ ان کی تردید کرتے ہوئے توحیدِ الٰہی کا پیغام عام کرتے رہے۔

کفارِ مکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوتِ حق سے سخت مضطرب اور پریشان تھے۔ وہ اس بات کا شکوہ کرتے تھے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہر معاملے میں ہماری مخالفت کرتے ہیں، مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پرواہ نہ کی اور ہر حال میں حق و صداقت کا عَلَم بلند رکھا۔ یہی حق گوئی اور جرأت بعد میں آپ کے اہلِ بیت اور جانشینانِ حق میں بھی نمایاں نظر آتی ہے۔

امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حق گوئی پر استقامت:
حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی اسی نبوی وصف کو اپنی زندگی میں نمایاں طور پر اختیار فرمایا۔ میدانِ کربلا میں آپ کے جان نثار ساتھیوں کی تعداد بہت کم تھی، جبکہ مخالف لشکر تعداد اور ظاہری طاقت کے اعتبار سے کہیں زیادہ تھا۔ ایسے نازک اور خوف ناک حالات میں عام طور پر انسان مصلحت، خوف یا کمزوری کا شکار ہو جاتا ہے، لیکن حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حق و صداقت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔

آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جرأت و استقامت کے ساتھ حق کا اعلان فرمایا اور باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا۔ آپ نے اپنے عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ حق کی قوت تعداد اور ظاہری وسائل کی محتاج نہیں ہوتی، بلکہ اس کی اصل بنیاد ایمان، یقین اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ ہے۔ چنانچہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے قلیل ساتھیوں کے ساتھ باطل کے مقابلے میں ڈٹ کر حق کا پرچم بلند رکھا اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے امت کو یہ درس دیا کہ ایک سچا مسلمان حالات کی سختی، دشمن کی کثرت اور ظاہری کمزوری کے باوجود حق کا ساتھ نہیں چھوڑتا۔

خلاصۂ کلام

قارئینِ کرام! واقعۂ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ باطل کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے کے بجائے حق پر ثابت قدم رہنا چاہیے، خواہ اس کے لیے کتنی ہی بڑی قربانی کیوں نہ دینی پڑے۔ یہی وہ پیغام ہے جو حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور آپ کے رفقا نے اپنے کردار اور عمل کے ذریعے امت کو دیا اور یہی سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضا بھی ہے۔

لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم واقعۂ کربلا کو محض ایک تاریخی واقعہ سمجھ کر نہ پڑھیں، بلکہ اس کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں، سنتِ نبوی پر عمل پیرا رہیں، اہلِ بیتِ اطہار سے محبت رکھیں اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ یہی اہلِ کربلا کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت اور سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے سچی وابستگی کا عملی اظہار ہے۔

اللہ پاک ہمیں امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کے طریقے پر چلتے ہوئے سنتِ مصطفیٰ اور سیرتِ طیبہ کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور یزیدی طرزِ عمل سے ہماری حفاظت فرمائے۔

آمِیْن یَارَبَّ الْعَالَمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن ﷺ

ایک تبصرہ شائع کریں