مزید اپڈیٹس کا کام جاری ہے! اپنے مشورے دیجیے ہم سے رابطہ کریں!

خانقاہوں کی مسند پر نااہل پیر | تصوف کے نام پر گمراہی کا فتنہ

اس مضمون میں ساجد عطاری مدنی نے خانقاہوں میں بیٹھنے والے نااہل اور جاہل پیروں کے فتنہ پر روشنی ڈالی ہے اور بتایا ہے کہ اصل خانقاہیں علم، شریعت اور طری
خانقاہوں کی مسند پر نااہل پیر | تصوف کے نام پر گمراہی کا فتنہ۔ اس مضمون میں ساجد عطاری مدنی نے خانقاہوں میں بیٹھنے والے نااہل اور جاہل پیروں کے فتنہ پر روشنی ڈالی ہے اور بتایا ہے کہ اصل خانقاہیں علم، شریعت اور طریقت کا مرکز ہوا کرتی تھیں۔ آج بعض مقامات پر تصوف کے نام پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
✍️ قلمکار
ساجد عطاری مدنی
📝 موضوع
خانقاہوں کی مسند پر نااہل پیر
🏢 ادارہ
جامعۃ المدینۃ انڈیا

خانقاہوں کی مسند پر نااہل پیر

کسی بھی ملک میں اگر جہالت پھیلتی ہے، تو اس کا سب سے بڑا سبب نااہل شخص کا عہدے پر بیٹھ جانا یا پھر نااہل شخص کو کسی عہدے پر بیٹھا دینا ہے۔ اب چاہے وہ نااہل شخص کوئی دنیا دار ہو یا پھر کسی خانقاہ کا پیر ہو، بہرحال جب جب بھی کوئی نااہل شخص کسی عہدے پر بیٹھا ہے تو اس ملک یا علاقہ میں فتنہ ہی پھیلا ہے۔ اور ایسا ہی فتنہ آج ہمیں دینی لبادہ اوڑھ کر خانقاہوں میں بیٹھنے والے نااہل پیروں کی صورت میں بھی دیکھنا پڑ رہا ہے۔

فرمانِ مصطفیٰ ﷺ اور نااہل افراد

آئیے، سب سے پہلے تو میں نااہل شخص کے بارے میں میرے آقا و مولیٰ مصطفی جانِ رحمت ﷺ کا فرمانِ عبرت نشان سناتا ہوں:
قال النبی ﷺ:

إذا وُسِّدَ الأمرُ إلى غيرِ أهلِه فانتظرِ الساعةَ.
ترجمہ: جب (کسی اہم) معاملے کو نااہل لوگوں کے سپرد کر دیا جائے، تو قیامت کا انتظار کرو۔
(رواہ البخاری)

جاہل پیروں کا طریقۂ واردات

جب بھی کوئی جاہل پیر، جسے نہ علمِ دین کی خوشبو چھوئی ہو، نہ جسے طریقت کے آداب کا شعور ہو، جب وہ کسی خانقاہ کا پیر بن بیٹھتا ہے، تو سب سے پہلا وار اہلِ علم پر کرتا ہے۔ کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اگر مولوی، مفتی، عالم جیسے لوگ اس کی مجلس میں بیٹھ گئے تو اس کی جعلی روحانیت کا پردہ چاک ہو جائے گا۔

پھر دوسرا وار یہ کرتا ہے کہ اپنے مریدوں کے دل میں آہستہ آہستہ یہ زہر بھرنے لگتا ہے کہ "مولوی، مفتی لوگ تو بس مسئلے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں، اور ہم لوگوں نے تو باطن کو پا لیا ہے۔ مولوی، مفتی لوگ ظاہری علم جانتے ہیں، ہم تو باطن والے ہیں۔"

اسی لئے یہ جاہل پیر اپنی خانقاہوں کو اہلِ علم سے خالی رکھتے ہیں، کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ عالم لوگ آئینہ ہیں، اگر ہم لوگ آئینہ کے سامنے آ گئے تو ہماری ساری جہالت باہر آ جائے گی۔

پھر یہ جاہل پیر اپنے مریدوں کو علمائے اہلِ سنت سے کاٹتے ہیں، علمِ تصوف اور پیری مریدی کے نام پر۔ آج ملکِ ہندوستان میں ایسی کئی خانقاہیں موجود ہیں جن میں ایسے نااہل لوگ موجود ہیں، جو عوام کو پیری مریدی کے نام پر گمراہ کر رہے ہیں اور یوں علم کا مذاق اور شریعت کی بے عزتی کرتے نظر آ رہے ہیں۔

علمِ تصوف کا تماشا اور اندھی عقیدت

یاد رکھو! ایسے لوگ پیر نہیں بلکہ دھوکے باز ہیں، صوفی و ولی نہیں بلکہ فراڈی ہیں۔ یہی لوگ ہیں جنھوں نے علمِ تصوف کو تماشا بنا دیا، اور دینی خانقاہوں کو مارکیٹ۔ یہاں روحانی صفائی ہونے کے بجائے اب شخصیت پرستی ہونے لگی ہے، اور کیوں نہ ہو؟ جب پیر ہی علم کا دشمن ہو تو اس کے مرید تو فتنہ پرور اور بدتمیز ہوں گے ہی۔

اور یہی لوگ اپنے جاہل پیر کی محبت میں ایسے ہو جاتے ہیں کہ نہ ان لوگوں کو کسی عالم، مفتی صاحب کی کوئی بات سمجھ آتی ہے، نہ کسی دلیل کو مانتے ہیں۔ صرف پیر صاحب کی ہر بات ان جاہل مریدوں کے لیے وحی کا درجہ رکھتی ہے۔

اصل خانقاہوں کی شان ماضی میں کیا تھی؟

پہلے خانقاہ وہ مقام ہوتا تھا جہاں علم بھی تھا، حلم بھی تھا، عبادت بھی تھی، خدمت بھی تھی، شریعت کی پاسداری بھی تھی، طریقت کی روشنی بھی تھی۔

شیخ عبدالقادر جیلانیؒ، خواجہ غریب نوازؒ، مجدد الف ثانیؒ، داتا علی ہجویریؒ، نظام الدین اولیاءؒ۔۔۔ یہ وہ چمکتے دمکتے ستارے ہیں جن کی خانقاہیں علم و عمل کا قلعہ ہوا کرتی تھیں۔ یہ وہ بہترین لوگ ہیں کہ جب ان حضرات کے پاس کوئی مصیبت زدہ شخص آتا، تو اس کی مصیبت دور بھی کرتے اور اس کے دل کی صفائی بھی کرتے۔

لیکن آج کے کچھ جاہل پیر، جب ان کے پاس کوئی مصیبت زدہ آتا ہے، تو اس سے مصیبت کو دور نہیں کرتے، بلکہ پہلی کوشش یہ ہوتی ہے کہ اس شخص سے پیسے کیسے بٹورے جائیں۔ اس کو ایسی کون سی پیری مریدی کی "گولی" دی جائے کہ یہ دیوانہ بن جائے۔

مسلمانوں سے دردمندانہ اپیل

اے میرے سیدھے سادھے مسلمان بھائیو! یقیناً پیری مریدی ایک بہت اہم کام ہے، لیکن یاد رکھو! جو خانقاہ علم سے خالی ہو، جہاں پیر جاہل اور نااہل ہو، وہاں نہ نور ہوتا ہے نہ اثر۔ نہ ایسی خانقاہوں میں شریعت ہے نہ طریقت، نہ حقیقت ہے نہ معرفت۔

اب فیصلہ آپ پر ہے۔ اگر آپ کا ضمیر زندہ ہے، تو آپ غور کریں: کہیں آپ لاعلمی میں ایسے شخص کے مرید تو نہیں بن گئے، جو آپ کو علم والوں سے دور کرتا ہو، علمِ تصوف کے نام پر؟ ممکن ہے، جو تمہیں علم سے دور کرے وہ تمہیں اللہ سے بھی دور کر دے۔

اہم بات

پیر بننا کوئی کھیل نہیں، بلکہ یہ امانت ہے، ذمہ داری ہے، امت کی رہنمائی ہے!

اللہ کرے دل میں اُتر جائے میری بات
Cookie Consent
We serve cookies on this site to analyze traffic, remember your preferences, and optimize your experience.
NextGen Digital واٹس ایپ چیٹ پر آپ کو خوش آمدید
السلام علیکم ہم آپ کی کیا مدد کرسکتے ہئں؟?
Type here...