2026: نیا سال، کچھ نئے اہداف
بہت جلد ہمارے درمیان 2026 آنے والا ہے۔ کیوں نہ اس سال کی ابتدا میں ہم کچھ عزم و ارادہ کریں کہ ہمیں
2026 کس انداز میں گزارنا ہے؟ کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا؟
جب ہمارے اہداف ہمارے پیشِ نظر ہوں گے تو ہم اپنے مقاصد کو پانے میں کامیاب ہو سکیں گے۔
ذیل میں چند چیزیں ملاحظہ فرمائیں:
[1] محاسبہ:
2025 کے اعمال کا محاسبہ کریں کہ کیا اچھا کیا اور کیا برا۔ اچھے کام پر اللہ پاک کا شکر ادا کریں، اور بُرے کام پر استغفار کریں، نیز آنے والی زندگی کو رب کی نافرمانی سے بچتے ہوئے نیکیوں میں گزارنے کا عزم کریں۔ بلکہ روزانہ اپنا محاسبہ کریں اور نیک اعمال نامی رسالہ پُر کریں، یا Neki Time ایپلیکیشن کے ذریعے محاسبہ کریں۔
[2] نمازوں کی پابندی:
یاد رکھیے! ایک مسلمان کے لیے سب سے زیادہ ضروری ہے کہ وہ اپنی زندگی کا مقصد سمجھے اور اس کے مطابق عمل کرے۔ یقیناً ہماری زندگی کا مقصد رب کی عبادت ہے۔ ہم پر روزانہ پانچ نمازیں فرض ہیں۔ اللہ پاک فرماتا ہے:
اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا (۱۰۳)
بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔
بے شک نماز مسلمانوں پر وقت باندھا ہوا فرض ہے۔
(پ 5، سورۃ النساء: 103)
[3] روزانہ کے نیک اعمال:
روزانہ ایک پارہ، یا کم از کم ایک رکوع قرآنِ شریف کی تلاوت کریں۔ اسی طرح روزانہ شجرہ شریف، اس کے اوراد، دلائلُ الخیرات شریف کا ورد اور 313 مرتبہ درودِ پاک پڑھنے کی عادت بنائیں۔
[4] ہفتہ وار کام:
ہر جمعرات کو ہفتہ وار اجتماع اور مدنی مذاکرے میں شرکت کریں اور دینی علم حاصل کریں۔
[5] دینی مطالعہ:
ہر ہفتے کچھ نہ کچھ دینی کتابوں کا مطالعہ کریں، بالخصوص ان چیزوں کا مطالعہ ضرور کریں جن کا علم سیکھنا آپ پر فرض ہے۔ زہے نصیب! اگر ہر ہفتے امیرِ اہلِ سنت دامت برکاتہم العالیہ کی طرف سے عطا کردہ رسالہ بھی مطالعہ کر لیا جائے۔